489

کامیاب زندگی کا راز،ٹرک ڈرائیور کی کہانی جس کی لاٹری نکل آئی

اسٹوارٹ کیلی اونٹاریو کا ایک ٹرک ڈرائیور تھا اس نے لاٹری کا ایک ٹکٹ خردیا جنوری 1984میں اس کے نتیجہ کا اعلان ہوا تو اس کو پہلا انعام ملا جو 13.9ملین ڈالر تھا ۔ یہ کینیڈامیں ملنے والے اب تک کے تمام لاٹری انعامات میں سب سے زیادہ تھا۔
اسٹوارٹ کیلی کے یہاں کوئی اولاد نہ تھی اس کو اتنا بڑا انعام ملا تو اس نے کہا کہ یہ میری تمام ممکن ضرورتوں سے بھی زیادہ ہے مگر اس کی خوشیوں کا ابھی آغاز بھی نہیں ہوا تھا کہ وہ اپنی زندگی کے سب سے بڑے غم میں مبتلا ہو گیا انعام ملنے کے صرف تین ماہ بعد ڈاکٹروں نے بتایاکہ اس کو کینسر ہو چکا ہے لاٹری انعام ملنے کے چھ ماہ بعد وہ مر گیا اس کی عمر 57سال تھی وہ 35سال تک ٹرک ڈرائیور رہا اور انعام ملنے کے صرف چھ ماہ بعد وہ اس دنیا سے چلاگیا۔
موجودہ دنیا میں ہر آدمی دولت چاہتاہے تاکہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے لئے ایک کامیاب زندگی تعمیر کرے مگر موجودہ دنیا میں انسان کا اصل مسئلہ دولت نہیں بلکہ اس کا اصل مسئلہ محدودیت ہے کوئی انسان خواہ کتنی ہی زیادہ دولت اپنے لئے حاصل کر لے وہ محدویت سے خالی نہیں ہو سکتا اسی لئے کوئی شخص اس دنیا میں اپنی دل پسند زندگی بھی نہیں بنا سکتا۔
دولت کی کوئی مقدار آدمی کو اس سے نہیں بچا سکتی کہ وہ بیمار نہ ہو اس کو حادثہ نہ پیش آئے ایک مختصر مدت کے بعد وہ مر نہ جائے اور جب بیماری اور حادثہ اور موت پر انسان کو قدرت نہیں تو اپنے لئے پسندیدہ زندگی بنانے پر وہ کیسے قادر ہو سکتا ہے۔
دولت زندگی نہیں ہے دولت زندگی کا ایک وسیلہ ہے وسیلہ کی اہمیت ہمیشہ دوسرے درجہ کی ہوتی ہے زندگی ہے تو وسیلہ کی بھی اہمیت ہے اور اگر زندگی نہیں تو وسیلہ کی بھی کوئی اہمیت نہیں ۔ مگر اکثر انسان اس فرق کو بھول جاتے ہیں وہ دنیاکی دولت حاصل کرنے میں اتنا مشغول ہوتے ہیں جیسے کہ دنیا کی دولت بذات خود مقصود ہو ۔ جیسے کہ دنیا کی دولت ہی کا دوسرا نام زندگی ہو۔
انسان کے لئے کامیاب زندگی کا کوئی نقشہ آخرت کو شامل کئے بغیر نہیں بن سکتا انسان کو دو میں سے کسی ایک چیز کا انتخاب کرنا ہے موجودہ دنیا کو سب کچھ سمجھ کر ناکامی کی موت مرنا یا موجودہ زندگی کو آخرت تک وسیع کر کے اپنے لئے کامیاب زندگی کا راز دریافت کرنا–ازمولانا وحیدالدین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں